شہریوں پر ڈنڈے برسانے والا ایس ایچ اومعطل،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 266 مقدمات درج
لاہور میں پولیس کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے نام پر شہریوں پر ڈنڈے برسانے والے ایس ایچ او نیو انارکلی کوآئی جی پنجاب کے نوٹس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے شیخ احمد کو معطل کر دیا ۔
تفصیلات کےمطابق لاہور میں انارکلی بازار میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے ایس ایچ او شیخ احمد اہلکاروں کے ہمراہ دکانداروں اور راہگیروں پر ڈنڈنے برساتے رہے،واقعہ کی فوٹیج میں پولیس اہلکاروں اور ایس ایچ او کو ڈنڈے برساتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب شہر میں مکمل لاک ڈاؤن کے بعد چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 266 مقدمات درج کر لئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کے مطابق حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کروایا جا رہاہے ، شہری ایس اوپیز کی پابندی کریں خلاف ورزی کسی صورت قابلِ برداشت نہیں ۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 266مقدمات درج کئے گئے جبکہ فیس ماسک استعمال نہ کرنے پر193 افراد کےخلاف کارروائی کی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دیگر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر73 مقدمات درج کئے گئے جبکہ لاک ڈاؤ ن کے دوران مجموعی طور پر 4 ہزار 333 مقدمات درج کئے گئے۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے شہر بھر میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جس میں تمام کاروباری مراکز بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گیے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے میڈیکل سٹور، ویکسین سینٹر ، پھل سبزی فروش ، گوشت اور دودھ دہی کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی۔
شہر میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کروانے کے کے لیے پولیس کی جانب سے شہر بھر میں گشت کیا گیا اور سنیپ چیکنگ بھی کی گئی ، لاک ڈاؤن کے باعث شہر کی سڑکیں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی، سڑکیں ویرانے کا منظر پیش کرتی رہیں۔