عدلیہ کے فیصلوں سے معیشت کو نقصان پہنچا، نواز شریف
اسلام آباد(میڈیا نائن ٹو ڈاٹ ٹی وی) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں نے معیشت کو نقصان پہنچایا۔نواز شریف اپنے خلاف دائر مالی بدعنوانی کے ریفرنسز کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلوں کی وجہ سے معیشت پر ضرب پڑی اور ہماری حکومت کو چین کے ساتھ کام نہیں کرنے دیا گیا، گاڈ فادر اور اطالوی مافیا کے الفاظ عدالتوں کو زیب نہیں دیتے، ججوں نے پاناما کے بجائے اقامہ پر سزا دی، ہمارے لیے عدالت کا پیمانہ کچھ اور ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا دہرا معیار سامنے آرہا ہے، کھیل کے اصول مساوی ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی رہنماؤں عمران خان، جہانگیر ترین اور علیم خان کے خلاف بھی کرپشن کے مقدمات ہیں، ہمارے خلاف تو فیصلے جلدی آ جاتے ہیں، ان کے فیصلے کب آئیں گے، خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ سرکاری خرچ پر جلوس کی قیادت کرنے آتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں اللہ کے فضل کرم سے خوشحالی و بجلی آئی اور بے روزگاری ختم ہوئی، جبکہ ملک میں جی ڈی پی ریٹ 3 سے بڑھ کر 5 فیصد ہوگیا، 2014 سے دھرنے جاری ہیں اور کسی نہ کسی شکل میں چلتے رہے، حکومت کو چین سے کام نہیں کرنے دیا گیا لیکن دھرنوں کے باوجود ہم نے ڈلیور کیا اور بجلی فراہم کی۔
اس موقع پر نواز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے پوچھا کہ آج کی کیا تازہ خبر ہے، جس پر صحافیوں نے جواب دیا کہ آپ حاضری سے استثنیٰ ملنے کے باوجود آج عدالت کے سامنے پیش ہو گئے۔
Leave a Reply