علیم ڈار کی احسن رضا کو ستارہ جرات دینے کی اپیل
لاہور: آئی سی سی کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر امپائر علیم ڈار نے سری لنکن بس حملے میں میچ ریفری کرس براڈ کو بچانے والے معروف امپائر احسن رضا کو ستارہ جرات دینے کی اپیل کردی۔
لاہور میں ایل سی سی اے گراؤنڈ میں سابق مینجر اظہر زیدی کے کلب پی اینڈ ٹی جم خانہ کی طرف سے علیم ڈار اور احسن رضا کے اعزاز میں تقریب سجائی گئی۔
اس موقع پر علیم ڈار نے ساتھی امپائر احسن رضا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ احسن نے سری لنکن بس پر حملے میں خود شدید زخمی ہونے کے باوجود غیر ملکی میچ ریفری کرس براڈ پر لیٹ کر اس کی جان بچائی تھی تاہم اتنا وقت گزرنے کے بعد بھی کسی حکومت نے آج تک ان کی اس جرات و بہادری پر احسن کے لیے کچھ نہیں کیا، پی اینڈ ٹی جم خانہ کلب ہم دونوں کا کلب ہے اور اس کلب کے پلیٹ فارم سے حکومت سے اپیل ہے کہ احسن کو ستارہ جرات دیا جائے۔
آئی سی سی امپائر احسن رضا کا مؤقف تھا کہ کیرئیر میں ہمیشہ اپنی زمہ داری کو ایمانداری سے نبھا کر ملک کا نام روشن کیا ہے، اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ کرکٹ فائنل سپر وائزر کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ علیم ڈار، خالد محمود اور اظہر زیدی کی حوصلہ افزائی سے آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے۔
تقریب سے سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود، شارجہ کرکٹ کونسل کے سابق رکن محمد امین سمیت میزبان اظیر زیدی نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں کلب کے کھلاڑیوں میں شرٹس تقسیم کی گئیں۔