عمران خان پر اعتماد نہ کرنیوالوں کی پارٹی میں رہنے کی گنجائش نہیں: شاہ محمود
اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام اراکین، پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی رکنیت متاثر ہو سکتی ہے۔
نجی ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تحفظات کا اظہار کرنے والے اراکین کی گفتگو سنی اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی، ان کی خواہش تھی کہ تحقیقات کیلئے ان کی پسندیدہ شخصیت کو نامزد کیا جائے، وزیر اعظم نے ان کے کہنے پر علی ظفر کو ذمہ داریاں تفویض کیں، علی ظفر نے ابھی اپنی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش نہیں کی، عمران خان کو آپ اپنا لیڈر تسلیم کرتے ہیں تو ان پر اعتماد کریں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام اراکین، پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی رکنیت متاثر ہو سکتی ہے امید ہے وہ ایسا نہیں کریں گے، اعتماد کے ووٹ اور فنانس بل پر کوئی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پارٹی کے بانی چیئرمین ہیں، ان کے ووٹرز نہ ہوتے تو یہ صاحبان بھی آج اسمبلیوں میں نہ ہوتے، اگر آپ عمران خان پر اعتماد نہیں رکھتے تو آپ کے پاس تحریک انصاف میں رہنے کی گنجائش نہیں رہتی، عمران خان کو لیڈر مانتے ہیں تو پھر ان کے فیصلوں پر آمادگی کا اظہار کرنا چاہیے۔