عمران خان پولیس آنے پر چھپ گئے اور پھر قوم کو قانون کی حکمرانی اور اخلاقیات کا لیکچر دیا،شیری رحمان
اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عدالتی اور پولس کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور جھوٹ بولنے پر عدالت سختی سے نوٹس لے،کل پوری قوم نے دیکھا کہ عمران خان ضمانت پارک میں چھپ گئے اور پولیس کے جانے کے بعد قوم اور کارکنوں کو قانون کی حکمرانی اور اخلاقیات پر لیکچر دیا۔ان خیالات کا اظہار پیر کے روز انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ،شیری رحمان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کی بات کرنے والے عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے جھوٹ بولا کہ وہ گھر پہ نہیں،یہ وہی شخص ہیں جس نے ماضی میں تمام سیاسی مخالفین کو انتقام کیلئے جیل بھیجا، آصف علی زرداری اور دیگر تمام سیاستدانوں نے من گھڑت کیسز میں جرات اور حوصلے سے گرفتاری دی،عمران خان قانونی اور عدالتی کاروائی کو روکنے کے لئے ہر بار کارکان کے پیچھے چھپ جاتے ہیں، عمران خان گرفتاری سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ ذاتی طور پر پولس سے عدالتی نوٹس بھی وصول نہیں کرتے، گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانت پارک میں چھپ گئے، پولس کو خالی کمرہ دکھایا گیالیکن پولس کے جانے بعد باہر آئے اور قوم اور کارکنان کو قانون کی حکمرانی اور اخلاقیات پر لیکچر دیا،انہوں نے کہا کہ یہ پوری قوم کیلئے الگ اور اپنے لئے الگ قانون اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔