عمران نیازی کی نام نہاد سیاسی مقبولت کا بت زمین بوس ہو گا
لاہور :پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ مریم نواز کارکنوں اور عوام کی ہردلعزیز لیڈر بن چکی ہیں ،ان کی عالمی سطح پر بھی ایک مثبت سوچ رکھنے والی پاکستانی لیڈر کے طور پر پہچان ہے ، عمران نیازی کے یوٹرن اور ڈرامے عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں ،جیل بھرو تحریک کی آڑ میں تم جو ہمدردیاں سمیٹنا چاہتے تھے اس میں بھی تمہیں ناکامی ہوئی ہے ، مسلم لیگ (ن) انتخابات میں جانے کے لئے تیار ہے ،عمران نیازی کی نام نہاد سیاسی مقبولت کا بت زمین بوس ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو اور اپنے حلقے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جماعت میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور وہ کارکنوں اور عوام کی ہردلعزیز لیڈر بن چکی ہیں، ورکرز کنونشن سے نہ صرف پارٹی کو تقویت مل رہی ہے بلکہ پارٹی کا پیغام بھی گھر گھر پہنچ رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عمران نیازی نے عوام سے جتنے جھوٹ بولے اور یوٹرن لئے اب عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ، عوام اب پچاس لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کے جھانسے میں بھی دوبارہ نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات کے لئے ہر وقت تیار ہے بلکہ ہم انتخابی مہم میں ہیں ، جب بھی انتخابات ہوں گے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی ۔