فرائض کی ادائیگی کے دوران ایڈیشنل ایس ایچ او وارث علی زندگی کی بازی ہار گیا
لاہور(نیٹ نیوز) داتا دربار کے اطراف میں قبضہ مافیا سے جگہ واگزار کرانے اور فرائض کی ادائیگی کے دوران ایڈیشنل ایس ایچ او وارث علی زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ داتا دربار کے علاقے میں پولیس عدالتی بیلف کےساتھ قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے گئی۔ قبضہ مافیا تلخ کلامی کے بعد غنڈہ گردی پر اتر آیا اور پولیس پر حملہ کر دیا پولیس کے مطابق قبضہ مافیا کے شخص نے ایڈیشنل ایس ایچ او وارث علی کے سینے میں ٹکر ماری، جس کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی۔ ایڈیشنل ایس ایچ او وارث علی ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے ہی جان کی بازی ہار گئے۔ ایڈیشنل ایس ایچ او وارث علی سینے میں چوٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے۔ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر کے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ ایڈیشنل ایس ایچ او علی وارث نے سوگواروں میں ایک بیٹی اور 4 بیٹے چھوڑے۔