فیصل آباد، آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ،جماعت اسلامی
فیصل آباد:جماعت اسلامی کے راہنمائوں پروفیسرمحبوب الزماںبٹ،میاںطاہرایوب،شیخ محمدمشتاق،میاں اجمل حسین بدر،انجینئرعظیم رندھاوا نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔لوگ لائنوں میں لگ کر بھی آٹے کے حصول میں ناکام ہیں جبکہ حکمران اور اپوزیشن عدم اعتماد کے نام قوم کی تقدیر سے کھیل رہے ہیں۔ صوبائی حکومت کی نااہلی سے آٹا مافیا نے ایک مرتبہ پھر صوبہ بھر میں گندم اور آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کر کے آٹے کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ۔ضلعی انتظامیہ بااثر آٹا مافیا کے سامنے بے بس ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آٹے کے نرخوں میں اضافے سے عوام شدیدپریشان ہیں۔حکمرانوں کی نااہلی سے عوام کو آٹے اور چینی کی قیمت میں 200ارب روپے اضافی دینے پڑے۔بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب آدمی کے لیے دو وقت کی باعزت روٹی بھی کھانا محال ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کے باوجود محکمہ خوراک کے افسران نے گندم ذخیرہ کرنے والے بااثر افراد کے خلاف کارروائی کے بجائے چھوٹے چکی والوں کو اپنی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ بڑے تاجروں نے گندم مارکیٹ سے غائب کر کے من مانی قیمتوں پر فروخت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سیلاب نے غریب لوگوں کو تباہ کر دیا ہے تو دوسری جانب آٹا مافیا اپنے زائد منافع کے لیے غریب لوگوں کو آٹے سے بھی محروم کر رہی ہے۔ قدرتی آفت آنے کے باوجود منافع خور زائد منافع کی خاطر غریبوں کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے گوداموں سے گندم بر آمد کر کے سستے نرخوں پر مارکیٹوں میں فروخت کی جائے اور آٹے کی قیمتوں میں کمی لائی جائے۔