قائد اعظم ٹرافی؛ اظہر علی نے سنچری بنا کرفٹنس ثابت کر دی
لاہور(میڈیا نائن ٹو ڈاٹ ٹی وی) قائد اعظم ٹرافی کے سپر8 مرحلے کے ابتدائی روز پاکستانی اوپنراظہرعلی نے ایچ بی ایل کیخلاف سنچری جڑکر فٹنس ثابت کردی، تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی کے سپر ایٹ مرحلے کا باقاعدہ آغاز کراچی اور حیدر آباد میں ہوگیا۔ایچ بی ایل نے ٹاس جیت کر پہلے سوئی ناردرن گیس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اظہر علی نے کپتان محمد حفیظ کے ساتھ مل کرعمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا ۔ 37کے اسکورپر محمد حفیظ عمرگل کے ہاتھوں بولڈ ہوکرپویلین لوٹ گئے تاہم اظہر علی نے خرم شہزاد کے ساتھ مل کر غیرمعمولی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اورعمرگل، عماد بٹ، عبدالرحمن، زوہیب خان اور احمد شہزاد کی بولنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے 229 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے118 رنز بنائے، ذرائع کے مطابق اظہر علی کو قائداعظم ٹرافی میں میچ فٹنس ثابت کرنے کو کہا گیا تھا۔
ایچ بی ایل کے خلاف سنچری جڑنے کے بعد اظہرعلی قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ایک بار پھر فیورٹ ہو گئے ہیں اور ان کا کیویز کے خلاف قومی اسکواڈ کا حصہ بننے کا قوی امکان ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جنوری میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی اور میزبان سائیڈ کے خلاف 5 ایک روزہ اور3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی، سوئی ناردرن گیس نے 2 وکٹ پر 294 رنز جوڑلیے، خرم شہزاد نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست رہ کر 113 رنز بنائے ہیں، اسٹیٹ بینک گراؤنڈ کراچی میں واپڈا کے وقاص محمود نے کے آر ایل کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے، انھوں نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پوری ٹیم کی بساط صرف 95 رنز پر لپیٹ دی، جنید علی40 رنز کیساتھ نمایاں اسکورر رہے، وقاص محمود نے صرف32 رنز دے کر 9 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
جواب میں واپڈا نے 6 وکٹوں پر 96 رنز بنائے ہیں۔ خالد عثمان 41 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ عامر سجاد نے ناٹ آؤٹ 18 رنز بنائے ہیں۔ صدف حسین نے 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ احمد بشیر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ یوبی ایل گراؤنڈ نمبرون کراچی میں لاہور وائٹس اورلاہوربلوزکے درمیان بولرز کا راج رہا، دن بھرمیں دونوں سائیڈز سے 14کھلاڑیوں کومیدان بدر ہونا پڑا، لاہور وائٹس کی ٹیم صرف 141 رنز پرہمت ہار گئی، رضوان حسین اورمحمد عرفان نمایاں رہے، دونوں نے بالترتیب42 اور41 رنز بنائے، اعزاز چیمہ اور بلاول اقبال نے انتہائی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے4، 4 مہرے کھسکائے۔
جواب میں لاہور بلوز نے 4 وکٹوں پر 150 رنز جوڑلیے، طیب طاہر71 جبکہ سعد نسیم 53 رنز پرناقابل شکست ہیں۔ عمید آصف نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا۔ گروپ ٹو میں نیازاسٹیڈیم حیدر آباد میں شیڈول میچ میں یو بی ایل نے سوئی سدرن گیس کیخلاف پہلی اننگز میں 252 رنزبناکرپویلین کی راہ لے لی، شان مسعود 75 رنز بناکر نمایاں رہے، حماد اعظم نے25 اور گلریز صدف نے 22 رنزاسکورکیے، احمد جمال نے 34 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا جبکہ کاشف بھٹی نے3 وکٹیں اپنے نام کیں، سوئی سدرن گیس نے2 وکٹوں پر 31 رنز بنالیے، دونوں وکٹیں پیسر سہیل خان نے حاصل کیں۔
Leave a Reply