قیام پاکستان کے بعد کراچی میں تاریخ کا گرم ترین دن
کراچی: شہر میں موجودہ درجہ حرارت 44 ڈگری گریڈ کو چھو گیا ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدید لہر نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، 14 اپریل 1947 کو کراچی کا درجہ حرارت 44.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دوپہر ایک بجے شہر کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جو یکدم 2 ڈگری اوپر چلا گیا، شہر میں 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں اور اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 5 فیصد ہے، تاہم شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے۔
عوام کی ناک سے خون بہنے اور ہونٹ پھٹنے کی شکایات
ڈاکٹر آصف شیخ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں میں خشک موسم چل رہا ہے، گرمی میں نسیں پھول جاتی ہیں اور جب ناک خشک ہو جاتی ہے تو اس کو دبانے سے خون بہنا شروع ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ ایسی صورت میں عوام دن میں تین سے چار بار ویزلین ناک پر لگائیں جس سے یہ خشک نہیں رہے گی جبکہ ماسک پہنے رہیں گے تو اس سے بھی یہ مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔
دوسری جانب شہر قائد میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
لانڈھی، کورنگی، ملیر، پی ای سی ایچ ایس، گلشن معمار، گلشن اقبال، گلستان جوہر، نیو کراچی، فیڈرل بھی ایریا، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور 4 سے 10 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بندش پر شہری بلبلا اٹھے اور بجلی کمپنی کے سوشل میڈیا پیج پر اپنی بھڑاس نکالتے نظر آئے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی اس غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔