لاہور میں ممکنہ بسنت کی تیاری، پولیس کی آپریشنل تیاریاں مکمل
لاہور:لاہور میں پتنگ بازوں کی طرف سے کل ( اتوار ) بسنت منانے کے اعلان کے بعد پولیس نے بھی آپریشنل تیاریاں مکمل کر لیں ، تھانوں کی سطح پر اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے کر پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز فوری پرچہ دینے کی ہدایت کر دی گئی ، صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف دفعہ 144نافذ ہے جس کی خلاف ورزی پر 3سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پتنگ بازوں نے آج بروز اتوار 5مارچ کا بسنت کا اعلان کررکھا ہے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کے حکم پر لاہور پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ۔ افضال احمد کوثر نے پتنگ وڈور مینوفیکچرر اور سیلرز کی ڈور ناکنگ کی ہدایت کر دی۔ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق ریکارڈ یافتہ مجرمان سے ضمانتی مچلکے لئے جارہے ہیں۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز فوری پرچہ دینے کی ہدایت کر دی گئی جبکہ تھانوں کی سطح پر اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی کہ انسدادِ پتنگ بازی ٹیمیں اپنی اپنی بیٹس میں متحرک رہیں،پتنگ سازی میں ملوث عناصر کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی۔ بلند عمارات سمیت پولیس ڈرونز کی مدد لی جائے گی۔ پتنگ بازی کے انسداد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔ پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے داخلی وخارجی ناکوں پر سخت چیکنگ عمل میں لائیں۔ ڈولفن سکواڈ، پی آریو اورتھانوں کی گاڑیاں موثر گشت یقینی بنائیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے پتنگ بازی اور بسنت کے تہوار پر سخت پابندی عائد ہے ۔ صوبے بھر میں پتنگ بازی کے خلاف دفعہ 144نافذ ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں 3سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں ۔ اس کے ساتھ کیمیل ڈور ، پتنگ بنانے اور بیچنے والوں کو 6ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے ۔ پولیس حکام نے شہریوں سے درخواست کی کہ والدین اپنے بچوں کو خونی کھیل سے روکیں۔ سول سوسائٹی و اساتذہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔ پتنگ بازی کی اطلاع فوراً 15پر دیں ، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا ۔ دوسری جانب لاہورمیں پولیس نے پتنگ فروش ڈیلرز اور پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 42 افراد کو گرفتارکرلیا۔ایس پی کینٹ اویس شفیق نے بتایا کہ لسٹڈ و ریکارڈ یافتہ 11 پتنگ فروش ڈیلر اور31 پتنگ باز کو گرفتارکیا گیا جن میں رفیق، کاشف، عثمان، عمر، کبیر وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملزمان سے 2423پتنگیں، 47ڈور کی چرخیاں، 55ڈور کی پینیاں برآمد کی گئی جبکہ ہزاروں پتنگیں بنانے والا خام مال بھی برآمد کرلیا گیا۔انہوں نے بتاا کہ ملزمان نے مختلف علاقوں میں پتنگیں سپلای کرنے کا اعتراف کیا ہے جن پر مقدمات درج کرلئے گئے اور پتنگ فروش ڈیلروں، پتنگ بازوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جاے گا۔جبکہ ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق پتنگ سازی اورفروخت کنندگان کے خلاف کریک ڈان جاری ہے اور گذشتہ ہفتے میں لاہور کے مختلف تھانوں میں 389مقدمات درج کیے گئے ۔ مختلف کاروائیوں کے دوران 392ملزمان گرفتارکئے گئے۔اسپیشل کریک ڈائون میں 02مینوفیکچرراور 29سیلرز شامل ہیں ، سٹی ڈویژن سے 88، کینٹ 87، سول لائنز ڈویژن سے 36 ملزمان گرفتار،صدر 48، اقبال ٹائون 67اور ماڈل ٹائون ڈویژن سے 66 ملزمان گرفتار کیے گئے ۔ مختلف آپریشنز کے دوران 06ہزار 431 پتنگیں برآمد کی گئیں۔ 77 چرخیاں، 174 پنی ڈور اور 80 گچھیاں قبضہ میں لی گئیں۔ شہری پتنگ بازی کی اطلاع 15 پر دیں۔