لاہور ہائیکورٹ؛ پنجاب میں ایڈمنسٹریٹرز کی تقرریاں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ چیلنج
لاہور (نیٹ نیوز) پنجاب بھر میں ایڈمنسٹریٹرز کی تقرریوں کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین نارووال احمد اقبال کی درخواست میں پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے غیر آئینی طور پر ایڈمنسٹریٹرز تعینات کیے ہیں۔
منتخب نمائندوں کو ہٹانا آرٹیکل 140 اے کی خلاف ورزی ہے ۔ درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پنجاب بھر میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔پاکستان جسٹس اینڈڈیموکریٹک پارٹی کی درخواست میں وفاقی حکومت، اوگرا اور ایف بی آر کو
فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایف بی آر کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا آئین کے آرٹیکل 3 اور 77 کی خلاف ورزی ہے ۔عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کالعدم قرار دے ۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی تشکیل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ایسویسی ایشن آف فزیشنز اینڈ
سرجنز کے عہدیدار ڈاکٹر اسد مرزاکی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی میں ڈاکٹرز تنظیموں کی نمائندگی ختم کرکے آئین کی خلاف ورزی کی گئی۔کسی قانونی جواز کے بغیر پی ایم ڈی سی کی حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ پی ایم ڈی سی آرڈیننس 2019سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔نئے آرڈیننس کے
تحت پی ایم ڈی سی کے 54ممبرزکی تعدادکم کر کے 20کر دی گئی ہے ۔پیشہ ورانہ کونسل میں غیر منتخب نمائندوں کی تعداد بڑھانے سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہو گی۔عدالت پی ایم ڈی سی آرڈیننس 2019کوآئین سے متصادم قراردیتے ہوئے کالعدم قرار دے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک کے خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری
کی درخواست ضمانت پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ پیر افضل قادری کی جانب سے ان کے وکیل نے بیان عدالت میں پڑھ کر سنایا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اتنے لمبے بیان کی بجائے لکھتے کہ آپ کا بیان اسلام اور ملکی سالمیت کیخلاف تھا
واپس لیتے ہیں۔کس نے آپ کو یہ اختیار دیا کہ آئینی اداروں کے متعلق فتوے جاری کریں؟ پیر افضل قادری کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ضمانت منظور کی جائے کیونکہ سینکڑوں بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے ۔پیر افضل قادری نے جذباتی ہو کر بیان دیا اس سے خادم حسین رضوی کا کوئی تعلق نہیں ۔ عدالت نے استفسار کیا
کہ پورے ملک میں احتجاج کی کال کس نے دی تھی اور کیا نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ؟سرکاری وکیل نے بتایا کہ دھرنوں سے 30 سے 32 کروڑکا نقصان ہوا۔