لڑکی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کا ملزم پولیس مقابلہ میں ہلاک
کراچی: 14 سالہ لڑکی کی لاش قبر سے نکال کر اس کی بے حرمتی کرنے کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹھٹہ پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 14 سالہ بچی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے اور واقعے کی اطلاع ملنے کے 12 گھنٹوں میں ملزم رفیق چانڈیو پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے خواتین، بچوں، اقلیتوں کے خلاف جرائم کو ناقابلِ برداشت قرار دے دیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پولیس نے ڈرگ مافیا کے خلاف بھی آپریشن تیز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل ٹھٹہ کے قریب گاؤں اشرف چانڈیو کے رہائشی محنت کش رمضان چانڈیو کے مطابق اس کی14 سالہ بیٹی آمنہ 2 روز قبل انتقال کر گئی تھی جس کی گزشتہ رات تدفین کی گئی۔ صبح گاؤں والے قبرستان گئے تو قبر کو کھلا پایا اور لڑکی کی لاش غائب تھی۔ اطلاع ملنے پر گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں پہنچ گئے جنھوں نے اطراف میں تلاش شروع کی تو قریب واقع گنے کے کھیتوں سے آمنہ کی لاش ملی جس کے آدھے جسم پر کفن بھی نہیں تھا۔