متاثرہ الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے، ایل ڈی اے
لاہور(ایمرا نیوز آن لائن) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے ہدایت کی ہے کہ ایل ڈی اے ایونیو ون کے دو ہزار سے زیادہ متاثرین کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لئے قانونی چارہ جوئی کرنے والی چھ رہائشی سکیموں سے گفت و شنید کر کے انہیں عدالتی کیس واپس لینے پر آمادہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ دیگر مقدمات کی فعال طور پر پیروی کی جائے ۔ گزشتہ روز ایل ڈی اے ایونیو ون میں واقع سکیم کے دفتر میں ایک خصوصی اجلاس کے دوران انہوں نے ڈائریکٹر لا سید عامر حسن شاہ کو فوکل پرسن مقرر کر کے ہدایت کی کہ متاثرہ الاٹیوں کو پلاٹ دینے کے لئے افسران ہر طرح کے دباﺅ سے آزاد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی سماعت جلد کرانے کے لئے درخواست دی جائے اور ان مقدمات کا مزید تاخیر کئے بغیر فیصلہ کرا کر باقی الاٹیوں کو پلاٹ دیئے جائیں۔