مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت بدھ تک ملتوی
لاہور:عدلیہ کیخلاف توہین آمیز تقریرکا معاملہ، لاہور ہائی کورٹ میں عدلیہ کیخلاف توہین آمیز تقریر پر مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شجاعت علی خان نے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے سماعت بدھ(آج)تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار سے مزید دلائل طلب کرلئے۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیے آپ کی درخواست کیسے قابلِ سماعت ہے؟ بتائیے اس عدالت کے پاس سماعت کا اختیار کیسے ہے؟ یہ تو سپریم کورٹ کے ججز کے متعلق ہے تو آپ وہاں جائیں۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف توہین آمیز جملے بھرے جلسے میں ادا کیے گئے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آپ قانون بتادیں کس قانون کے تحت حکم جاری کروں؟ درخواست گزار نے کہا کہ میں نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔ اسی قانون کے تحت کارروائی کی استدعا کی ہے۔ مریم نواز نے چھ توہین آمیز باتیں کی ہیں۔