مسلم لیگ نواز کے رہنماء پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد، یوسف رضا گیلانی سینٹ الیکشن کے لئے اہل.
لاہور:18 فروری ( ایمرا نیوز) الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے مسلم لیگ نواز کے سینئررہنماء سینٹر پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔پرویز رشید پنجاب ہاؤس کے نا دہندہ تھے. پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے.
مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی پر پاکستان تحریک انصاف کے وکیل رانا مدثر نے اعتراض دائر کیا تھا کہ وہ پنجاب ہاؤس کے نادہندہ ہیں اور انہوں نے پنجاب ہاؤس کو کرائے اور دیگر سروسسز کی مد میں 5 ہزار روپے ادا نہیں کیے، اس پر الیکشن کمیشن نے پرویز رشید کو اس الزام کی وضاحت کے لیے طلب کیا تھا۔ لیگی رہنماء نے الیکشن کمیشن میں پیش ہوکر بتایا کہ وہ پنجاب ہاؤس کو پیسے جمع کرانا چاہتے تھے مگر انتظامیہ نے ان سے پیسے وصول نہیں کیے اور وہ آب بھی پیسے جمع کرانے کے لیے تیار ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پرویز رشید اور پی ٹی آئی کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد لیگی رہنما کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔
دوسر جانب الیکشن کمیشن اسلام آباد نے سابق وزیراعظم اور سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد کردیا۔ پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کے فرید رحمان نے اعتراض دائر کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، وزیر اعظم کے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر تاحیات نااہلی ہے، یوسف رضا گیلانی کے نیب میں ریفرنس زیر التوا ہیں ، ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
وکیل یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جن کیسز پر عدالت کا فیصلہ نہیں آیا اس کو مخالفین جواز بنا رہے ہیں، مخالف وکیل صرف ان کیسز کا حوالہ دے رہے ہیں جو عدالتوں میں زیر التوا ہیں، کیس کا زیر التوا ہونا ہر گز وجہ نہیں ہے کہ امیداوار کے کاغذات کو مسترد کیا جائے ۔
ریٹرننگ آفیسر کے دونوں وکلا کے دلائل سننے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے کاغذات پر اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔