ملالہ یوسف زئی سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ گئیں
دادو(ایمرانیوز)نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے دادو پہنچ گئیں جس میں انہیں دادو سمیت اطراف کے علاقوں کا دورہ کروایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا نے بتایا کہ ملالہ یوسف زئی اس وقت ضلع دادو کے سیلاب سے متاثرہ علاقے جوہی کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے جوہی کے سیلاب زدہ علاقے چھنڈن میں ٹینٹ سٹی کا معائنہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ گھل مل گئیں۔
سیلاب متاثرہ خواتین نے ملالہ کو کیمپ میں خوش آمدید کیا، ملالہ نے کیمپ میں خواتین سے ان کے مسائل سنے اور انہیں حوصلہ دیا، انہوں نے متاثرہ خواتین کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس مشکل وقت کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں، آپ بہادر خواتین ہیں۔
دوسری جانب وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے ملالہ یوسف زئی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی بہت سارے علاقوں میں پانی موجود ہے، پانی کی نکاسی کے بعد مزید سروے کرکے اسکولوں کے نقصانات کا تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ12000 اسکولوں میں 20 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے جس پر ملالہ یوسف زئی نے تشویش کا اظہار کیا۔