ملک بھر میں بڑے پیمانے پر وقف زرعی رقبہ اربن یونٹس میں تبدیل کرنیکا انکشاف
لاہور(ایمرا نیوز/رپورٹ عمر بٹ سے) ملک بھر میں بڑے پیمانے پر زرعی رقبوں کو اربن یونٹس میں تبدیل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ گزشتہ سالوں کے دوران وقف رقبوں کی حیثیت تبدیل ہونے سے ملکی زراعت کو نقصان پہنچا اور قبضہ مافیا کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی۔ سپیشل فرانزک آڈٹ ٹیم کی جانب سے نشاندہی پر معاملہ کی سنگینی کا اندازہ کرتے ہوئے ملک بھر میں تعینات 7ایڈمنسٹریٹرز سے تفصیلات طلب کر لی گئیں۔ ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ مترکہ وقف املاک بورڈ کے مصدقہ ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے وزیر اعظم کی ہدایت پر خصوصی فرانزک آڈٹ کے لئے تعینات ٹیم نے نشاندہی کی کہ لاہور سمیت ملک بھر میں وقف زرعی رقبوں کو گزشتہ سالوں کے دوران مندروں اور گوردواروں کے نام پر اربن یونٹس میں تبدیل کیا گیا اور اس ضمن میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ذمہ داروں نے بہت سے معاملات کو مدنظر نہیں رکھا۔ ذمہ داروں کی غفلت کے سبب محکمہ کو مالی طور پر نقصان ہوا۔ ذرائع کے مطابق ندیم دھریجو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر (لینڈ) متروکہ وقف املامک بورڈ نے ایسٹرن زون لاہور، گوجرانوالہ زون، ننکانہ زون، ویسٹرن زون فیصل آباد زون، ناردرن زون راولپنڈی، سنٹرل زون راولپنڈی اور ساﺅتھرن زون کراچی کے ایڈمنسٹریٹز کے نام مراسلہ میں قرار دیا کہ فرانزک آڈٹ ٹیم کو ایسے تمام وقف زرعی رقبوں کی تفصیلات درکار ہیں جنہیں گزشتہ سالوں کے دورامن اربن پراپرٹیز/ پلاٹس میں تبدیل کر دیا گیا۔ ترجیحی بنیادوں پر لاہور سمیت ملک بھر سے رپورٹس ای میل کے ذریعے ہیڈ آفس ارسال کی جائیں جن میں وقف زرعی رقبوں کو اربن پراپرٹیز، رہائشی یا کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کرنے کی تفصیلات موجود ہوں۔