ملک کو غذائی اجناس میں خود کفیل بنانا محکمہ زراعت کی اولین ترجیح ہے،ڈائریکٹر زراعت پنجاب
جڑانوالہ:ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)پنجاب ڈاکٹرمحمد انجم علی بٹر نے فیصل آباد کا دورہ کیااور جاری قومی بڑھوتری منصوبہ جات گندم،کماد،دہان اور تیل دار اجناس کی کاردگی کا جائزہ اورپیدواری اہداف کے حصول کے لئے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے تحصیل چک جھمرہ کا دورہ بھی کیا اور پیدواری مقابلہ کماد کے حوالے سے چک نمبر 155 رب کے کاشتکار محمد عدنان سرور کے فارم کا وزٹ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) چوہدری خالد محمودنے پیدواری مقابلہ کماد طریقہ کار کے متعلق بریفنگ دی۔کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب نے کہا کہ پیدواری مقابلہ جات کا مقصد کاشتکاروں میں مثبت مقابلہ کو پروان چڑھانااورجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فصلات کی فی ایکٹر پیدوارمیں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے نمائشی پلاٹ گندم کا بھی معائنہ کیا اور کا شتکاروں سے کہا کہ نمائشی پلاٹ کاشت کرانے کا مقصد کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا ہے، تاکہ وہ اس طریقہ کاشت کو اپنا کر اپنی فی ایکڑ پیداوار بڑھا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گندم ہماری فوڈ سیکیورٹی کی علامت ہے اور بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے خوراک پیداکرناایک بہت بڑاچیلنج ہے جسے محکمہ زراعت (توسیع) اورکاشتکارمل کرحاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو غذائی اجناس میں خود کفیل بنانا محکمہ زراعت کی اولین ترجیح ہے۔