نذیرگجانہ سیکرٹری قانون،عثمان معظم ڈی جی ایل ڈی اے مقرر
لاہور(ایمرا نیوزآن لائن)
صوبائی سلیکشن بورڈ ون نے 50پی ایم ایس افسران سمیت مختلف صوبائی محکموں کے 66افسران کی گریڈ19 اور20میں ترقی کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی سلیکشن بورڈ ون کا اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہواجس میں تمام قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے 14، لائیو سٹاک کے 9، محکمہ خزانہ اور ہاؤسنگ کے ایک ایک افسر کی گریڈ 20میں ترقی کی منظوری دینے کے علاوہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے 36، جنگلات اور فشریز کے 4 اورمحکمہ خزانہ
کے ایک افسر کی گریڈ 19میں ترقی کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں مجموعی طور پر 50پی ایم ایس افسران سمیت مختلف صوبائی محکموں کے 66افسران کی گریڈ19 اور20میں ترقی کی منظوری دی گئی۔پنجاب حکومت کی جانب سے جن پی ایم ایس افسران کو گریڈ 18 سے 19، اور گریڈ 19 سے 20ویں گریڈ میں ترقی دی گئی ہے ان میں سے یاور مہدی، جاوید اختر چوہدری، فضل الرحمن ، وقار عظیم، جہانگیر انور کی 18ویں سے 19ویں گریڈ میں ترقی ہوئی ہے جبکہ حافظ انیس الرحمن ،افضل ناصر خان، شفاعت علی، زبیر وحید بھی 19 ویں گریڈ میں ترقی پاگئے ہیں۔ بورڈ کے فیصلوں کی روشنی میں محمد اقبال، عبیداﷲ ، طیب فرید ، ڈاکٹر خرم شہزاد، نواز خالد عربی،کوکب نذیر ، فرخ نوید ، منیب الرحمن، شاہد فرخ نوید، شاہد محمود عادل، محمد اسلم پرویز بھی 19 گریڈ میں ترقی
کے حامل قرار دئیے گئے ہیں جبکہ زاہد ، مالک بھلا، اختر، اکرم، طاہر کی 19ویں سے 20 ویں گریڈ میں ترقی کی منظوری دی گئی ہے ۔دریں اثنا حکومت پنجاب نے نذیر احمد گجانہ کو سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور پنجاب تعینات کر دیا۔ ان کی تقرری دو سال کے لئے کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سوموار کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے مسز آمنہ عمران کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص بنا نے کے علاوہ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا عثمان معظم کو تبدیل کر کے ڈی جی ایل ڈی اے تعینات کر دیا گیا جبکہ جی ایم آپریشن ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ کو چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا کے عہدہ کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا ہے ۔ادھر محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کا تمام اضلاع کے سی ای اوز
ہیلتھ کو تین برس مکمل ہونے پر کسی ڈاکٹر کی ایڈہاک تقرری میں توسیع نہ دینے کے نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا گیا ۔علاوہ ازیں محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے پہلے بورڈ آف مینجمنٹ تشکیل دیدیا۔ بورڈ میں پروفیسر شکیلہ زمان، ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول ، نوید رسول مرزا اور عمران گبول شامل ہیں۔محکمہ لائیو سٹاک کے ترقی پانے والے افسروں میں ڈاکٹرنویداحمد خان نیازی، ڈاکٹرسید ندیم بدر،ڈاکٹرمحموداختر،ڈاکٹرسیدعامرمحمود، ڈاکٹریعقوب ملک ، ڈاکٹررب نوازکوثر، ڈاکٹرحبیب اورڈاکٹرعتیق
الرحمٰن شامل ہیں۔ادھر آئی جی نے تقرری کے منتظر ایس پی سید علی کو ایس پی پوٹھوہار راولپنڈی،کیپٹن ( ر) دوست محمد کو ایس پی آپریشنز سول لائنز لاہور،ایس پی سول لائن رضا صفدر کاظمی کو ایس پی آپریشنز کینٹ لاہور اور تقرری کے منتظر ایس پی شہباز الٰہی کو ایس پی انویسٹی گیشن قصور تعینات کر دیا گیا۔علاوہ ازیں مختلف سروسز گروپ کے افسرا ن کی گریڈ 19سے 20اور گریڈ 20سے 21میں ترقیوں کا جائزہ لینے کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ کا 3 روز ہ اجلاس شروع ہو گیا ۔