نواز، شہباز، پرویز الٰہی، شجاعت، عمران سمیت سیاسی شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کیلئے درخواست پر فریقین کے وکلا طلب
لاہور (M92)لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی ،چوہدری شجاعت حسین،عمران خان ،سردار ایاز صادق سمیت چونسٹھ سیاست دانوں اور معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کے لئے دائر درخواست پر فریقین کےوکلاء کو آئندہ سماعت پر بحث کے لئے طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار بئیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الہی ،چوہدری شجاعت حسین،عمران خان، سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،نجم سیٹھی،میاں منشائ،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر اور شیخ رشید نے چار سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں ایک سو انچاس جائیدادیں خریدیں جبکہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان سیاستدانوں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لا کر ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ غیر سرکاری افراد کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع نہیں کیا جا سکتا۔جس ہر عدالت نے فریقین کے وکلاء کو سات دسمبرکومزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔
Leave a Reply