نواز شریف کی جان کو خطرہ نہیں ، سزا معطلی کیس میں نیب نے اپنا جواب جمع کرادیا
اسلام آباد ( میڈیا 92 نیوز آن لائن ) مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پرقومی احتساب بیورو( نیب )نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا جواب جمع کرادیاہے۔ نیب نے نواز شریف کی سزا معطلی کی مخالفت کر دی ہے۔
قومی احتساب بیورو(نیب) کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے 12 صفحات پر مشتمل تحریری جواب داخل کرایاہے۔
نیب کی طرف سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیاہے کہ نواز شریف کی صحت ایسی تشویشناک نہیں ہے،میڈیکل رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
میڈیکل رپورٹس میں نواز شریف کی فوری سرجری کی سفارش نہیں کی گئی۔
نیب کے جواب میں کہا گیاہے کہ نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست ناقابل سماعت ہے اسے خارج کیا جائے۔
نیب کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت نے تمام شواہد کے جائزے کے بعد نواز شریف کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں، سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔
نیب نے موقف اختیار کیا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل بھی زیر سماعت ہے،سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر ہو تو سزا معطلی کی درخواست قابل سماعت نہیں ہوتی۔
عدالت نے جواب داخل نہ ہونے پر گزشتہ سماعت پر نیب حکام کی سخت سرزنش کی تھی۔