نیشنل لائسنسنگ امتحانات کیخلاف ڈاکٹرزکا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج
اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیشنل لائسنسنگ امتحانات کے خلاف ڈاکٹروں نے احتجاج کیا .تفصیلات کے مطابق نیشنل لائسنسنگ امتحانات کے خلاف ڈاکٹروں کی جانب سے احتجاج کے دوران وفاقی دارالحکومت کا مرکز میدان جنگ بن گیا۔ملک کے مختلف حصوں سے آئے ڈاکٹروں نے نیشنل لائسنسنگ امتحانات کے خلاف اسلام آباد کے جی نائن مرکز پر واقع پی ایم سی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ انہوں نے این ایل ای امتحان اور پی ایم سی کے صدر کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ایم بی بی ایس کرنے کے بعد این ایل ای کا امتحان ظلم ہے لہٰذا حکومت یہ فیصلہ واپس لے۔ ان کے مطالبات منظور نہ ہوئے تو پاکستان میڈیکل کمیشن کی عمارت کی تالہ بندی کی جائے گی۔
احتجاج کے دوران ڈاکٹرز پی ایم سی کی عمارت کے احاطے میں داخل ہوئے اور عمارت پر پتھراؤ کیاجس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی جس کے باعث اسی دوران ینگ ڈاکٹرز اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کردیا۔ پولیس نے 15 سے زائد ڈاکٹروں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔