نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ، فنکاربھی میدان میں آ گئے
کراچی (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی سیریز کو اچانک سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر منسوخ کر دیا گیا ہے جس کے بعد شائقین کی بڑی تعداد حیران اور پریشان ہے.اسی سلسلے میں فنکار بھی سوشل میڈیا پر برہمی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں .
شوبز اداکارہمایوں سعید نے میچ کی منسوخ کو نیوزی لینڈ کا عجیب اور پریشان کن اقدام قرار دیا۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔ ہماری سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنے کام میں شاندار ہیں۔ بغیر کسی ثبوت کے آخری منٹ میں میچ کی منسوخی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ لاکھوں شائقین کرکٹ کو مایوسی ہوئی ہے۔
گلوکار عاصم اظہر نے اس واقعے کو افسوسناک قراردیا اور لکھا کہ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو پوری قوت سے واپسی کرنے پر رکھتی ہے۔ پاکستان محفوظ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ہم اب بھی نیوزی لینڈ یا کسی دوسری قوم کو دل کھول کر خوش آمدید کہیں گے اور اب ٹی 20 ورلڈ کپ میں ملیں گے۔
اداکار فیصل قریشی نے بھی ٹویٹ میں لکھا کہ آخری لمحات میں نیوزی لینڈ کے کھیل سے باہر ہونے کے بارے میں سن کر بہت مایوسی ہوئی۔ لاکھوں کرکٹ شائقین آج بہت مایوس ہوئے ہیں۔علی ظفر نے لکھا’’کرکٹ تو ہوگی‘‘۔