ودیا بالن نے خود کو بےوقوف کب محسوس کیا، اداکارہ نے بتا دیا
ممبئی: بھارتی اداکارہ ودیا بالن نے ماضی میں خود کو بےوقوف محسوس کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔
اداکارہ ودیا بالن کا شمار ان بالی ووڈ اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہیں فلم انڈسٹری میں اکثر اپنے وزن، قد اور رنگت کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بہرحال ماضی میں ودیا بالن اپنے لباس کی پسند کے حوالے سے مطمئن نہیں رہیں۔ وہ بالی ووڈ کی دوسری اداکاراؤں کے لباس سے متاثر ہوا کرتی تھیں۔
اداکارہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ جب فلم انڈسٹری میں آئی تب کپڑوں کے حوالے سے میری اپنی کوئی پسند نہ تھی، میں دوسری اداکاراؤں کے کپڑوں سے متاثر ہوکر ویسا ہی انداز اپنایا کرتی تھی مگر مجھے بہت جلد یہ احساس ہوگیا کہ میں ایک بےوقوف ہوں، دوسری اداکاراؤں کی طرح کپڑے پہن کر اطمینان نہیں ملتا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے بعد میں احساس ہوا کہ میری پسند ساڑھی پہننا ہے اور میں نے تب فیصلہ کرلیا کہ اب زیادہ تر ساڑھی ہی پہنوں گی۔
اپنے فیصلے کو آزادانہ قرار دیتے ہوئے ودیا بالن کہتی ہیں کہ لوگوں کے پاس آپ کی تعریف کرنے کے سوائے کوئی چارہ نہیں ہونا چاہیے، ماضی میں میرے پاس دو ہی راستے تھے، ایک یہ کہ میں پوری زندگی دوسروں کی طرح بننے کی خواہش میں گزار دوں یا پھر خود سے ایسی بن جاؤں کہ لوگ تعریف کریں۔
ودیا بالن کو آخری مرتبہ فلم ’شیرنی‘ میں دیکھا گیا۔ یہ فلم جانوروں کے تحفظ سے متعلق ہے جس میں اداکارہ نے ایک فارسٹ آفیسر کا کردار ادا کیا ہے۔ ودیا بالن کو شیرنی کی ریلیز کے بعد سیکسزم یا جنسی تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔