وزیر اعظم آج ایک روز ہ دورے پر تھر پہنچیں گے
کراچی (ایمرا نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر تھر پہنچیں گے جہاں انہیں تھر کول منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
خبررساں ادارے ’ریڈیو پاکستان‘ کے مطابق وزیر اعظم تھر کول مائنز کے فیز 2 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم تھر کول پراجیکٹ میں کام کرنے والی خواتین ڈمپر ڈرائیورز سے ملاقات کریں گے اور تھر انرجی لمیٹڈ کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے 2 روز قبل کہا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ 23 مارچ 2023 کو تھر کول مائنز کو ریلوے لائن سے منسلک کر دیا جائے اور ریلوے کا نظام تھر سے کوئلہ پورے پاکستان لے کر جائے۔
اسلام آباد میں تھر کول مائنز کو ریلوے لائن سے منسلک کرنے کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے پاکستان کی معاشی زندگی میں بہت شاندار انقلاب آجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھر میں ریلوے کے نظام کو بچھایا جائے گا تاکہ تھر میں جو کوئلہ اللہ تعالیٰ نے انعام کے طور پر عطا کیا ہے، اس کی اچھے طریقے سے ٹرانسپورٹیشن ہو سکے، نہ صرف تھر کے اندر جو بجلی کے منصوبے ہیں اور مزید لگ رہے ہیں بلکہ حب، پورٹ قاسم اور پورے پاکستان میں جہاں جہاں کوئلے کی ضرورت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ تھر میں ریلوے کی ٹرانسپورٹیشن کا نظام ایک انقلاب لے کر آئے گا، اور یہ کوئلے کا خزانہ جو اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عطا کیا ہے، یہاں پر ایک سالانہ ایک لاکھ میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے تو یہ تھر کا کوئلہ تین سو سال تک ایک لاکھ میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے کافی ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، فلپائن سمیت دوسرے ممالک سے مہنگے داموں کوئلہ زرمبادلہ کے بہت محدود ذخائر استعمال کرکے منگواتے ہیں، اس پر اربوں ڈالر خرچ ہوتے ہیں، یہ تھر میں ریلوے کا مؤثر نظام بچھ جانے سے ایک مقام آئے گا کہ ہم سالانہ ایک سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی بچت کررہے ہوں گے جو کہ ہم درآمد کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تھر کول کی بنیاد پر چلنے والے بجلی کے منصوبے یقیناً انشا اللہ سستی بجلی مہیا کرنے میں بہت اہم کردار ادا کریں گے لیکن اس سے بڑھ کر یہ قومی یکجہتی ہے، قومی بھائی چارہ، قومی شناخت کو فروغ دینا ہے۔