ٹکٹو ں کی تقسیم کیلئے دو سے تین روز میں ن لیگ کاپارلیمانی بورڈ تشکیل دیئے جانے کا امکان
اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے ٹکٹوںکیلئے پارلیمانی بورڈ کی تشکیل پر مشاورت شروع کردی گئی ہے اور دو سے تین روز میں صدر ن لیگ شہباز شریف بورڈ تشکیل دے دیں گے جو پنجاب میں عام انتخابات کیلئے ٹکٹ جاری کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد نون لیگ نواز شریف نے پنجاب میں انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی ہے اور اس حوالے سے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لئے مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ جلد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ،مسلم لیگ نون پنجاب کا پارلیمانی بورڈ آئندہ دو سے تین روز میں تشکیل دیے جانے کا امکان ہے،پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کے بعد ٹکٹوں کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی،پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی حتمی منظوری صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور قائد نواز شریف دیں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کے لیے تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا،ٹکٹوں کیلئے پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے گا،سینٹرل، نارتھ اور سائوتھ پنجاب کیلئے الگ الگ پارلیمای بورڈز تشکیل دینے کا امکان ہے۔