پاکستانی مختصر فلم بھائی ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش ہوگی
آٹزم کے شکار ایک بھائی کی کہانی کے گرد گھومتی پاکستانی مختصر فلم (بھائی) کینیڈا میں ہونے والے سالانہ ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پیش ہوگی۔
ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ٹی آئی ایف ایف) کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی مختصر فلم (بھائی) کو بھی فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔
ٹورنٹو فلم فیسٹیول کا انعقاد 9 سے 10 ستمبر تک صوبے اونٹاریو میں کیا جائے گا، جس میں مجموعی طور دنیا کے متعدد ممالک کی 100 فیچر، دستاویزی اور مختصر فلمیں پیش کی جائیں گی۔
فیسٹیول میں ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی فلمیں پیش کی جائیں گی اور اس مرتبہ پیش کی جانے والی فلموں میں فلم ساز حمزہ بنگش کی سماجی مسئلے پر بنائی گئی فلم (بھائی) بھی شامل ہے۔
بھائی کی کہانی دو بھائیوں کے گرد گھومتی ہے، جس میں سے ایک بھائی آٹزم کا شکار ہوتا ہے، جسے اپنے مرض کی وجہ سے سماجی نفرت اور لوگوں کے ناروا سلوک کا سامنا رہتا ہے۔
فلم میں دونوں بھائیوں کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر کراچی کے ایک بریانی سینٹر کے باہر لوگوں کے ناروا سلوک سے الجھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
(بھائی) سمیت ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں مجموعی طور پر امریکا، برطانیہ، کینیڈا، کوریا اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کی 100 فلموں کو پیش کیا جائے گا۔
دس روز تک جاری رہنے والے فلم فیسٹیول کے دوران 15 کیٹیگریز میں ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔
کورونا کے باوجود اگرچہ فلم کا انعقاد کیا جائے گا لیکن اس مرتبہ سخت احتیاطی تدابیر کے تحت فیسٹیول میں شریک ہونے والے افراد کو ویکسینیشن کارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ساتھ ہی فیسٹیول میں شرکت کے خواہش مند افراد کو ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ لازمی طور پر کورونا کے منفی ٹیسٹ کے ساتھ ہوں اور دوران فیسٹیول بھی ضرورت پڑنے پر ٹیسٹ کروانے کے لیے رضامند رہیں گے۔