پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی نادہندہ فواد ٹیکسٹائل ملز کی 93کنال فیکٹری مشینری سمیت 26جنوری کو نیلام کرنے کا حکم
لاہور (ایم نائن ٹو) لاہور ہائیکورٹ نے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی نادہندہ فواد ٹیکسٹائل ملز کی ترانوے کنال فیکٹری مشینری سمیت چھبیس جنوری کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے پاک کویت انویسنٹ کمپنی کی درخواست پر سماعت شروع کی تو کورٹ آکشنر چودھری محمد نصیر ایڈووکیٹ نے دوبارہ نیلامی شیڈول اور تخمینہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت کے گزشتہ حکم پر ڈیفالٹر کی جائیداد نیلامی کی کارروائی کامیاب نہیں ہوئی تھی، پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ فواد ٹیکسٹائل ملز کے خالد جاوید خان، شیخ عمر، عامر رسول سمیت دیگر مالکان نے ترانوے کنال پر مشتمل فیکٹری اور مشینری رہن رکھوا کر کمپنی سے قرض حاصل کیا تھا لیکن قرض کی عدم ادائیگی پر فواد ٹیکسٹائل ملز کو سال دو ہزار نو میں ڈیفالٹر قرار دیا گیا، انویسٹمنٹ کمپنی کے وکیل نے عدالت کو آگا ہ کیا کہ ڈیفالٹر ٹیکسٹائل کمپنی کیخلاف 38 کروڑ 42 لاکھ کی ڈگری بھی جاری ہو چکی ہے مگر عدالتی ڈگری کے باوجود نادہندہ فواد ٹیکسٹائل ملز مالکان قرض کی رقم ادا نہیں کر رہے لہٰذا نادہندہ کی رہن رکھوائی گئی 93 کنال فیکٹری کو مشینری سمیت نیلام کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے کورٹ آکشنر چودھری نصیر ایڈووکیٹ کی جانب سے پیش کئے گئے نیلامی شیڈول پر فریقین کے اعتراضات سننے کے بعد پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کی نادہندہ فواد ٹیکسٹائل ملز کی ترانوے کنال فیکٹری مشینری سمیت چھبیس جنوری کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔
Leave a Reply