پولیس اہلکاروں کی خواتین پر گرفتاری کے دوران تشدد کی ویڈیو وائرل، بڑی سزا دیدی گئی
سیدو شریف کے علاقے میں پولیس کی جانب سے چوری کے الزام میں گرفتار 3 خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ، ویڈیو وسامنے آنے کے بعد ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کو معطل کر دیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کے مطابق گرفتار خواتین کا تعلق بنوں سے ہے اور وہ سوات میں مبینہ طور پر چوری کی وارداتوں میں مطلوب تھیں، گرفتار خواتین سے 19 تولہ سونا اور ایک لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے۔خواتین کو مقدمے کے اندراج کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔تاہم گرفتاری کے وقت پولیس کی خواتین پر تشدد کرنے اور ان کو گالیاں دینے کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سادہ اور وردی میں ملبوس پولیس اہلکار گرفتار خواتین کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور انہیں تھپڑاور لاتیں بھی مارتے ہیں۔ واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ڈی پی او دلاور خان بنگش نے ایس ایچ او سیدو شریف پولیس سٹیشن رفیع اللہ ، ایڈیشنل ایس ایچ او کوکرائی پولیس سٹیشن سب انسپکٹر ایاز ، کانسٹیبل فضل خالق ، محمد عالم ، اسحاق کو معطل کرتے ہوئے فوری طور پر انہیں گرفتار کر نے کا حکم جاری کر دیا ۔تمام اہلکاروں کے خلاف دفعہ 63 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیاہے اور ایس پی انوسیٹی گیشن نظیر خان کو انکوائری کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ، ایس پی سے چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے ۔