پی ایس ایل 6 کے میچز سٹیڈیم میں دیکھنے کے خواہشمند پاکستانی ہو جائیں تیار، کمال کی خوشخبری آ گئی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے آغاز میں چند ہفتے ہی باقی رہ گئے ہیں اور پاکستانیوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ لیگ کے دوران تماشائیوں کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ نے لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوران تماشائیوں کو گراؤنڈز میں لانے کے لئے این سی او سی سے اجازت مانگ لی ہے تاہم حکومتی ہدایت کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میچز کے دوران سب تماشائیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی اور اجازت ملنے کی صورت میں مخصوص تعداد میں ہی تماشائیوں کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت مل سکے گی۔
ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے تماشائیوں کو سٹیڈیم میں جانے کی اجازت دیدی تو کورونا پالیسیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، پی ایس ایل انتظامیہ تماشائیوں کو سٹیڈیم میں بیٹھا کر میچز دکھانے کی خواہاں ہے اور اس کا موقف ہے کہ مداحوں کے بغیر لیگ کچھ نہیں، ان کے نہ ہونے سے لیگ مقابلے متاثر ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تماشائی نہ آنے سے مارکیٹنگ کا شعبہ بھی متاثر ہو گا، مزید برآں پی سی بی نے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس کیلئے نجی کوریئر کمپنی سے بھی رابطہ کرلیا ہے، پاکستان سپر لیگ سیزن چھ کے میچز 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہیں گے اور تمام میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب محدود پیمانے پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رنگا رنگ تقریب کا انعقاد مختصر پیمانے پر ہو گا البتہ اسے دلکش بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، پی ایس ایل کو خسارے سے نکالنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، پی سی بی ذرائع کے مطابق کوویڈ19 کی وجہ سے بھی پی ایس ایل متاثر ہوئی تاہم میڈیا رائٹس سے آمدنی میں بہتری ہو گی۔