پی ایل آر اے کی جانب سے سروس سٹرکچر کی بحالی میں ناکامی پر45سے زائد ملازمین نے نوکریوں کو خیر آباد کہہ دیا
لاہور(ایمرا نیوز ) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے سروس سٹرکچر کی بحالی میں ناکامی کے سبب رواں مالی سال کے دوران45سے زائد ملازمین نے نوکریوں کو خیر آباد کہہ دیا جبکہ 132سے زائد ملازمین نے دیگر محکمہ جات میں مستقل بنیادوں پر ملنے والی جاب کیلئے این او سی حاصل کرلیے۔ صوبے بھر کے ملازمین ایک بار پھر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نان پروفیشنل رویہ سے تنگ آکر اجتماعی ہڑتال کیلئے متحد ہوگئے۔ سروس سٹرکچر کی منظوری کیلئے لکھ کردے چکے ہیں۔ ان ملازمین کو مستقل کیے جانے کا اختیار ہمارے پاس نہیں۔ ترجمان پی ایل آر اے ایمرا نیوز کو ملنے والی معلومات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی انتظامیہ سٹاف کو مستقل کیے جانے کے حوالے سے کاغذی کارروائیوں سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ جس کے سبب رواں سال بھی45سے زائد ملازمین کی جانب سے محکمے کو خیرآباد کہتے ہوئے نوکریاں چھوڑ دی گئی اوردیگر محکمہ جات میں مستقل نوکری کے حصول کیلئے بھی132سے زائد ملازمین جن میں اے ڈی اے آر سروس سنٹر انچارج ایل آر اواور سروس سنٹر آفیشل شامل ہیں نے محکمے سے این او سی بھی وصول کرلیے ہیں نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اراضی ریکارڈ سنٹرز میں تعینات ملازمین کا کہنا تھا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں نان پروفیشنل آفیسرز کی اجارہ داری ہے جوکہ ہمارے سروس سٹرکچر میں بڑی رکاوٹ ہیں اور سینئر ممبرز سمیت چیف سیکرٹری پنجاب کے پاس جاکر بھی ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں جبکہ ان کے اسی نان پروفیشنل طریقہ کار اور رویے سے ہم تنگ آچکے ہیں ملازمین کا کہنا تھا کہ ہم ایک مرتبہ پھر اجتماعی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے متحد ہوکر ہڑتال کریں گے اور اسی دفعہ بورڈ آف ریونیو پنجاب کی ایسوسی ایشن اور تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا سٹاف بھی ہماری ہڑتال کا حصہ ہوگا دوسری جانب ترجمان پی ایل آر کا کہنا ہے کہ سروس سٹرکچر کی منظوری کیلئے لکھ کردے چکے ہیں۔ ان ملازمین کو مستقل کیے جانے کا اختیار ہمارے پاس نہیں۔ ہم تو خود چاہتے ہیں کہ ان کو مستقل کیا جائے۔
Leave a Reply