چینی اسکینڈل : ایف آئی اے کی درخواست پر جہانگیر ترین، اہلخانہ کے 36 بینک اکاؤنٹس منجمد
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی درخواست پر جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین اور اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے۔
ایف آئی اے لاہور کے ذرائع نے بتایا کہ علی ترین کے 21، جہانگیر ترین کے 14 اور ان کی اہلیہ کا ایک بینک اکاونٹ منجمد کیا گیا۔
مذکورہ بینک اکاؤنٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کیے گئے جن میں کروڑوں روپے کی رقم موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ 9 سرکاری اور نجی بینکوں نے جہانگیر ترین اور ان کے اہلِ خانہ کے مجموعی طور پر 36 اکاؤنٹس منجمد کیے۔
دوسری جانب مالیاتی فراڈ اور منی لانڈرنگ کے کیسز کے سلسلے میں آج جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین ریکارڈ کے ہمراہ ایف آئی اے لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے مالیاتی اسکینڈل پر درج کیے جانے والے مقدمات کی تفتیش کے لیے علی ترین اور ان کے والد جہانگیر ترین کو آج طلب کیا تھا۔
جہانگیر اور علی ترین تفتیش کے سلسلے میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے ایف آئی اے لاہور کے دفتر میں رہے اور انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔
اس دوران تحقیقاتی ٹیم نے ان سے منی لانڈرنگ اور فراڈ ٹرانزیکشن کے حوالے سے سوالات کیے اور ان کے جوابات ریکارڈ کا حصہ بنادیے گئے۔