ڈاکٹرز بیگم کلشوم نواز کی حالت کے بارے میں کل فیصلہ کریں گے
لندن (ایمرا نیوز) بیگم کلثوم نواز کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس اور ڈاکٹر میتھو برنارڈ نے کہا ہےکہ اچھی خبر یہ ہے کہ بیگم کلثوم کے بارے میں ابھی بری خبر نہیں، ان کا وینٹی لیٹر رکھنے یا ہٹانے کا فیصلہ کل ہوگا۔ یہ باتیں انہوں نے شریف خاندان کو بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیں۔ اس موقع پر نوازشریف، مریم نواز اور حسن نواز نے سوالات بھی کئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ والدہ کی طبیعت کے حوالے سے ڈاکٹرز کوئی واضح جواب نہیں دیتےجبکہ حسن نواز نے کہا کہ ڈاکٹر والدہ کے علاج کیلئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں، باقی سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کنسلٹنٹ ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر میتھو برنارڈ نے شریف خاندان کو بیگم کلثوم نواز کی طبیعت کے حوالے سے بریفنگ دی اور حسن نواز، مریم نواز اور نواز شریف کے سوالوں کے جوابات دیئے کنسلٹنٹس نے کہا کہ مریض کے متعلق اچھی خبر یہی ہے کہ ابھی بُری خبر نہیں۔ان کے بقول اب ہم کلثوم نواز کی میڈیسن کو بتدریج کم
کر رہے ہیں اور مصنوعی طریقے سے آکسیجن دینی بھی کم کر رہے ہیں۔ پیر یا منگل تک دیکھیں گے کہ انھیں مشین سپورٹ پر رکھا جائے یا نہیں۔کنسلٹنٹس نے بتایا کہ دماغ کے سکین سے ظاہر ہوتا ہے کہ دماغ کو نقصان نہیں پہنچا جو کہ مثبت بات ہے۔اس پر میاں نواز شریف کی تشویش تھی کہ جو ٹیوبز اور ماسک لگے ہوئے ہیں وہ کب اور کتنی جلدی ہٹیں گی جبکہ مریم نواز دماغ کے بارے میں جاننا چاہتی تھیں کنسلٹنٹس کے جوابات میں کہاگیا کہ سپورٹ مشین ہٹائے جانے کے بعد اسے دوبارہ لگانا ایک تکلیف دہ عمل ہوتا ہے، ہٹائے یا لگی رہنے کا فیصلہ پیر یا منگل کو کریں گے۔انھوں نے بتایا کہ کلثوم نواز محسوس کر سکتی ہیں اور ممکن ہے سن بھی رہی ہوں لیکن ابھی وہ اس پر کنٹرول کی پوزیشن میں نہیں ۔ ہمیں اس کا اندازہ ان کی ہاٹ بیٹ اور بلڈ پریشر سے ہی ہو سکتا ہے۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ہارلے سٹریٹ کلینک میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لئے پہنچے تو اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ابھی والدہ ہوش میں نہیں ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ میں نے امی کو آواز دی تو انہوں نے کچھ ردعمل کا اظہار کیا، مجھے لگتا ہے والدہ ہماری باتیں سن رہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ وینٹی لیشن کم کرنے پر والدہ ردعمل ظاہر کرتی ہیں اور پھر کچھ نہ کچھ ایسا ہوجاتا ہے کہ وینٹی لیشن کا لیول بڑھانا پڑتا ہے۔مریم نواز کے مطابق ایک دو مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ انہوں نے والدہ کو آواز دی تو انہوں نے کچھ حرکت کی تاہم ڈاکٹروں سے جب ان کی طبیعت کے بارے میں پوچھا جاتا ہے تو وہ واضح جواب نہیں دیتے۔ ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔حسین نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر والدہ کے علاج کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں، باقی سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
Leave a Reply