کورونا وبا: شہروں میں پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وبا سے ہزاروں ہلاکتیں ہو چکی ہیں .این سی او سی نے ویکسین لگوانے اور کورونا سے بچائو کےلیے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے شہروں میں پابندیاں لگائیں.اسی سلسلے میں اب این سی او سی نے 8 شہروں میں پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کیا ہے.معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل کے ہمراہ این سی او سی کے سربراہ وفاقی وزیر اسد عمر نے پریس کانفرنس کی .کانفرنس میں اسد عمر نے کہا کہ ویکسین کورونا سے نجات کا واحد حل ہے اور دنیا سمجھ چکی ہے کہ کورونا کا مقابلہ صرف ویکسین سےممکن ہے اسی لیے اجلاس میں بھی ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ 40 فیصد ویکسی نیشن والے شہروں میں پابندیاں نرم کی جائیں گی اور ان 8 شہروں کے علاوہ باقی شہروں میں پابندیاں 15 اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ یکم اکتوبر سے اسکردو،پشاور،کوئٹہ،اسلام آباد،راولپنڈی سمیت8شہروں میں بندشیں کم کی جارہی ہیں، علاوہ ازیں انڈور اجتماعات میں 400 لوگوں کو شرکت کی اجازت ہوگی اور آوٹ ڈور اجتماعات میں 1000 لوگ شریک ہو سکیں گے، وہاں شادی کی تقریبات روزانہ ہوسکیں گی، جب کہ وہاں کے مزارات، سنیما اور تمام ریسٹورنٹس مکمل طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے. یکم اکتوبر سے ائر لائنز میں مسافروں کو کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔