گندم پیداواری مقابلہ میں شرکت کیلئے کاشتکاروں کو31جنوری تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت
جڑانوالہ :محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت پیداواری مقابلہ برائے گندم 2022-23 کیلئے کاشتکاروں کو 31جنوری تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 5 یا 5 ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہیں۔اس کے علاوہ مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمینداران بھی اہل ہیں نیز مزارعین،ٹھیکیداران بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی طرف سے تصدیق کرانے کے بعد درخواست دے سکتے ہیں۔ آبپاش علاقوں میں پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے گندم کے کاشتکار 5 ایکڑ متصل فصل جبکہ بارانی علاقوں میں 2 ایکڑ متصل ایسی فصل جس میں کوئی بھی منظور و تصدیق شدہ قسم کاشت کی گئی ہو مقابلہ کے لیے پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مقابلہ میں حصہ لینے کے لیے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈائون لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔ مکمل درخواستیں اپنی تحصیل کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر میں جمع کروائیں۔انہوں نے بتایا کہ مقابلہ جات ضلع اور صوبائی سطح پر منعقد ہوں گے۔ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ان کے فیملی ممبرز اور گریڈ 17 اور اوپر کے سرکاری ملازمین درخواست دینے کے اہل نہ ہوں گے۔ جبکہ محکمہ مال، محکمہ زراعت، پنجاب کے تمام ملازمین اس مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ ان کے علاوہ وہ ترقی پسندکسان جو ضلعی یا ڈویڑنل کمیٹی کے ارکان مقرر ہوں گے وہ بھی اس مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہو ں گے۔ مکمل درخواستیں 31 جنوری 2023 ئتک وصول کی جائیں گی۔