گھر کے قریب انصاف ، لاہور کی عدالتوں کو تقسیم کرنے کا فیصلہ
لاہور(ایم نائن ٹو) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے سائلین کو گھر کے قریب انصاف فراہم کرنے کیلئے لاہور کی عدالتوں کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ ماڈل ٹائون کچہری ،ضلع کچہری اور کینٹ کچہری میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سمیت فیملی اور سول ججز بھی کیسز کی سماعت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے دور دراز سے آنے والے سائلین کو سیشن کورٹ اور ایوان عدل میں فوجداری ، سول اور فیملی کیسز کی سماعت کے لئے آنا پڑتا تھا جس کے باعث نہ صرف سائلین کا کرایوں پر خرچہ ہوتا تھا بلکہ قیمتی وقت کا بھی ضیاع ہوتا تھا جبکہ ایک ایک جج کے پاس100سے زائد کیسز کا زلسٹ سے بہت سے مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی جاتی تھی۔سائلین کی ان تمام مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف جسٹس ہائیکورٹ منصور علیشاہ نے لاہور کی عدالتوں کو تین حصوں میں تقیسم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کینٹ کچہری کی حدود میں آنے والے تھانوں کے مقدمے کینٹ کچہری میں ہی سنے جائیں گے۔ اسی طرح ماڈل ٹائون اور ضلع کچہری کے کیسز کی بھی انہی عدالتوں میں سماعت ہوگی۔ تینوں کچہریوں میں ایڈیشنل سیشن ججز ، سول ججز اور فیملی ججز کو تعینات کیاجائے گاجبکہ فیملی اورسول کیسز کی بھی سماعت ان تینوں کچہریوں میں ہوسکے گی۔ اب کاہنہ کے سائل کوسیشن کورٹ اور ایوان عدل نہیں جانا پڑے گا کیونکہ اس کے کیس کی سماعت ماڈل ٹائون کچہری میں ہوسکے گی۔چیف جسٹس منصورعلی شاہ جلد ہی اس معاملہ پر اعلی سطح اجلاس بلاکر عملدرآمد کرائیں گے جبکہ ان عدالتوں کی تقسیم سے متعلق پیپر ورک بھی مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ وکلاء برادری کو بھی اعتماد میں لیاجاچکا ہے۔اس وقت لاہورکی سول عدالتوں میں ایک لاکھ40ہزار مقدمات زیر سماعت ہیں۔
Leave a Reply