یاسر اپنے اور ساتھی اداکاروں کے نمبر لیک کرنے پر فیروز پر شدید برہم
گزشتہ روز فیروز خان نے اپنی سابقہ اہلیہ علیزا سلطان سمیت متعدد اداکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تھا جس کی تصاویر انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کردیں، ان تصاویر پر اداکاروں کے گھر کا پتا اور موبائل نمبرز درج تھے۔
فیروز خان نے کچھ ہی منٹ بعد پوسٹ ڈیلیٹ کردی لیکن وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اب یاسر حسین نے موبائل نمبرز آؤٹ کرنے پر ہتک عزت کا نوٹس بھیجنے والے فیروز خان پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے اپنی انسٹا اسٹوری پر بتایا ہے کہ فیروز کی ایک حرکت کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یاسر حسین نے انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ ’ایک بیوقوف آدمی نے پہلے اپنی بیوی کو مارا اور پھر ہمارے نمبرز آؤٹ کردیے، اس کی وجہ سے یہ بچہ مجھ سے ڈرامے میں کام مانگ رہا ہے ورنہ ایک لاکھ روپے، بتائیں میں کیا کروں؟
انہوں نے لکھا کہ ’اس بھائی نے مجھے اپنا نمبر بھیجا ہے مگر میں نے آؤٹ نہیں کیا کیونکہ میں اسکول گیا تھا، تھوڑا فرق دکھنا چاہیے’۔