22 ستمبرکوعام تعطیل کا اعلان
سندھ (ویب ڈیسک)سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں 22 ستمبر بروز بدھ عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے.۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے.جس میں لکھا ہے کہ صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس پر سندھ بھر میں 22 ستمبر کو عام تعطیل ہوگی۔
پوری دنیا کو امن کا پیغام دینے والے صوفی بزرگ شاہ عبداللطیف بھٹائی 1689 میں ضلع مٹیاری کے تعلقہ ہالا میں سید حبیب شاہ کے گھر میں پیدا ہوئے۔آپ کے آبائو اجداد کا تعلق ہرات افغانستان سے تھا. آپ کا لگائو تصوف کی جانب تھا، تلاش حق کے لیے آپ نے طویل سفرکیے جن کے تجربات کی جھلکی آپ کی شاعری میں نظر آتی ہے۔آپ کے صوفیانہ کلام میں امن اور محبت کا درس ملتا ہے، دنیا سے بے رغبتی اور عشق حقیقی کی تڑپ بھی آپ کی شاعری میں صاف نظرآتی ہے۔
ہر سال صفر کی 14 تاریخ کو بھٹ شاہ میں آپ کا تین روزہ عرس منایاجاتا ہے جس کے دوران مختلف پروگرام اور سیمینارز کا انعقاد ہوتا ہے۔علاوہ ازیں اس موقع پر میلہ بھی لگتا ہے اورشاہ عبداللطیف بھٹائی سے منسوب ساز طنبورا بجایا جاتا ہے۔