36سکیموں میں 26جنوبی پنجاب کے لئے مختص، یاسمین راشد
لاہور(ایمرا نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائیزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں 2019-20کے سالانہ ترقیاتی بجٹ پروگرام کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری کیپٹن(ر) ثاقب ظفر، سپیشل سیکرٹری مظفر سیال اور چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس میں 55نئی شروع ہونے والی جبکہ 36جاری سکیموں کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 36نئی سکیموں میں سے 26جنوبی پنجاب کے لئے مختص کی گئی ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو 100فیصد ریلیف دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ بنیادی اور دیہی صحت مراکز کی بحالی کا تیزی سے کام جاری ہے۔ متعلقہ حکام کو وزیر اعظم صحت اقدامات کے حوالے سے پنجاب کے 8اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات بارے روزانہ کی پیش رفت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔