3842 ارب کا ٹیکس ہدف، ایف بی آر کو آج 81ارب روپےجمع کرنا ہونگے
اسلام آباد(ایمرا نیوز آن لائن)رواں مالی سال جو آج ختم ہو رہا ہے، ایف بی آر نے نظر ثانی ٹیکس کلیکشن ٹارگٹ 4150ارب کے مقابلے میں3761ارب روپے جمع کیے ہیں ، جن میں 25ارب روپے ٹیکس ایمنسٹی کے بھی شامل ہیں ۔ یہ اس بات کا عندیہ ہے کہ ایف بی آر کااب بھی نظر ثانی شدہ ہدف سے 389 ارب کا شارٹ فال ہے، ٹیکس مشینری میں اعلیٰ سطح پر اگلے
ماہ تبدیلیاں بھی نوشتہ دیوار ہیں ۔ حکومت نے رواں مالی کیلئے ابتدا میں4398ارب کا ہدف مقررکیا تھا تا ہم شارٹ فال کی وجہ سے اس کا حجم4150مقرر کر دیا گیا تھا، اگر پہلے ہدف سے مقابلہ کیا جائے تو آج ختم ہونے والے مالی سال کا شارٹ فال637ارب روپے ہوجا تا ہے۔ آخری روز ایف بی آر ایڑی چوٹی کا زور لگا ئے گا تا کہ ہدف کو3842تک پہنچا دے اس کیلئے آج ( اتوار) کو اسے81ارب روپے کے محصولات جمع کرنا ہوں گے۔ دوسری طرف چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے
اس نمائندے کو بتایا کہ ایمنسٹی سکیم میں کوئی توسیع نہیں دی جا ئے گی اور اب تک اس حوالے سے رسپانس بہت اچھا رہا ہے۔ تا ہم ذرائع کا کہنا ہے اگر حکومت ایمنسٹی سکیم کی مدت میں توسیع کرنا چاہتی ہے تو اسے پھر نیا آرڈیننس نافذ کرنا ہو گا، اس حوالے سے فیصلہ آج ( اتوار) رات کو کیا جا ئے گا، پارلیمنٹ سے فنانس بل2019-20کی منظوری کے بعد ایمنسٹی
سکیم ملک کا قانون بن گئی ہے اور اس کی مدت30جون2019کو ختم ہو رہی ہے۔ایف بی آر کے ایک اعلیٰ افسرنے ’’دی نیوز‘‘ کو بتایا کہ ایمنسٹی ڈیٹا سے عیاں ہے کہ 35000نئے ڈیکلریشن سسٹم میں شامل ہوئے ہیں تا ہم ان میں سے آدھے نے ڈیکلیرڈ رقم کو ڈیپازٹ نہیں کیا ، اس کا مطلب یہ ہے کہ آدھا ٹیکس اس سال جمع ہو گا ا ور نصف دس سے چالیس فیصد سر چارج کے ساتھ ا گلے مالی سال میں جمع کیا جا ئے گا۔