60 سے 70 سالہ چار کنوارے بہن بھائیوں کے گھرڈکیتی، مٹی کے گھڑوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والے ملزم بالآخر پولیس کے ہتھے چڑھ گئے
پولیس نے 60 سے 70 سالہ چار کنوارے بہن بھائیوں کے گھر 80 لاکھ روپے سے زائد کی ڈکیتی کرنے والے چار ملزم پانچ ماہ بعد گرفتار کر لیے، 19 جولائی کو گاؤں بکھر بار کے ایک گھر سے ڈکیتی کی واردات کے دوران لوٹ مار کی گئی تھی ۔
ڈی پی او ذوالفقار احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ چاروں بہن بھائی چھوٹے زمیندار ہیں اور انہوں نے زندگی بھر کی جمع پونجی مٹی کے گھڑوں میں چھپا رکھی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاؤں کے ہی ایک مخبر کی نشاندہی پر ڈاکوؤں نے انہیں لوٹا تھا، پولیس نے سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے موقع سے فنگر پرنٹ حاصل کیے اور پانچ ماہ بعد 62 لاکھ 42 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ مال برآمد کرکے ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جب کہ رقم اصل مالکان کے حوالے کردی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان دیگر مقدمات میں بھی ملوث ہیں جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔