70 میچز میں آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کے باجود شہریت کی درخواست مسترد
نیوزی لینڈ میں پیدا ہونے والے مشہور آسٹریلوی رگبی اسٹار کواڈ کوپر کی شہریت کی درخواست آسٹریلیا نے مسترد کردی ہے۔
کواڈ کوپر نے درخواست مسترد ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر درخواست کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 70 میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے کے باوجود بھی شہریت نہیں دی گئی جو کافی عجیب بات ہے۔
33 سالہ رگبی اسٹار 13 سال کی عمر سے آسٹریلیا میں رہائش پزیر تھے جس کے تحت انہیں 2008 سے 2017 تک آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کرنے کی اجازت ملی لیکن سال 2016 میں برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کھیلے گئے اولمپک گیمز میں شرکت کی اجازت انہیں آسٹریلوی شہریت نہ ہونے کی وجہ میں نہیں مل سکی تھی۔
کواڈ کوپر نے حال ہی میں جاپان میں رگبی ٹورنامنٹ میں شرکت کی ہے ، انہوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ آسٹریلوی ٹیم کی 70 میچز سمیت دو عالمی چیمپئن شپ میں بھی نمائندگی کی ہے۔
کوپر نے شہریت کی درخواست مسترد ہونے کا خط سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں انہیں آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کی شہریت کی درخواست اس لیے مسترد کی گئی ہے کیوں کہ وہ مطلوبہ معیار پر پورا اترنے سے متعلق شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے بمشول اس بات کے ثبوت کے کہ وہ ایسی سرگرمیوں میں شامل رہے جو آسٹریلیا کے لیے سود مند ثابت ہوئیں۔
خیال رہے کہ 2017 میں آسٹریلوی حکومت نے بیان جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ درخواست دہندگان کو آسٹریلوی اقدار کو سمجھنے کے ساتھ ان پر عمل بھی کرنا چاہیے۔