کراچی میں کثیر منزلہ رہائشی عمارت زمیں بوس ہو گئی، 12 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ
کراچی(ایمرا نیوزآن لائن رپورٹ عمر خالد سے) کراچی کے علاقے ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں آج صبح کثیر منزلہ رہائشی عمارت زمیں بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں کم ازکم 12 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ملیر سٹی پولیس کے مطابق جعفرطیار سوسائٹی میں علمدار مسجد و امام بارگاہ کے سامنے پنجتن پاک نامی 4 منزلہ رہائشی عمارت آج صبح ساڑھے سات بجے زمیں بوس ہوگئی۔ملیر سٹی تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر شاکر حسین نے بتایا کہ اب تک ملبے سے ایک شخص کی لاش اور 4 زخمیوں کو نکالا جاچکا ہے جب کہ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ عمارت میں کم از کم چھ خاندان رہائش پذیر تھےجائے وقوعہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جس وقت یہ حادثہ پیش آیا تمام افراد اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔پولیس کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے اہل علاقہ کی مدد سے ریسکیو آپریشن تیز کردیا اور موقع پر ہیوی مشینری بھی موجود ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت کے گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر پہنچ کر امدادی کام کی نگرانی کریں اور ہر صورت انسانی جانوں کو بچایا جائے۔