ٹی ٹی پی کی معافی کامعاملہ ،وزیراعظم پر شدید تنقید
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو معاف کرنے کی بات پر اپوزیشن نے کڑی تنقید کی ہے۔سابق وزیرخارجہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کو عام معافی دینا بہت بڑا فیصلہ ہے، اس کے لیے پوری قوم خصوصاً شہدا کے لواحقین کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی مخالفین کو برداشت کرنے پر تیار نہیں لیکن طالبان کو معاف کرنے کی بات کررہی ہے۔ اس کے علاوہ سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ اگر کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہوتے تو بھی وزیراعظم کے انٹرویو سے اس عمل کو نقصان ہوگا۔اایسا قدم اٹھانے سے پہلے ضروری ہے کہ قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔
ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کو این آر او دے رہی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی نے اے پی ایس کے بچوں کوشہید کیا۔عمران خان اپوزیشن لیڈر کے ساتھ نہیں مولوی فقیر کےساتھ بات کرنا چاہتے ہیں، عوام اپنی آواز اپوزیشن کی آواز کےساتھ ملائیں.