لاہور ( وقت ٹی وی آن لائن ) ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 51 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1334 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 64028 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 432 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 396 اور پنجاب میں 410 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 60 ، اسلام آباد 22، گلگت بلتستان میں 9 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
کُل ٹیسٹ: 520،017
صحتیاب مریض: 22،305 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)
آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز جمعہ ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 1332 کیسز اور 51 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں پنجاب سے 927 کیسز 29 ہلاکتیں، بلوچستان 312 کیسز 19 ہلاکتیں، اسلام آباد 85 کیسز 3 ہلاکتیں اور آزادکشمیر سے 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پنجاب
آج پنجاب سے کورونا کے مزید 927 کیسز اور 29 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 22964 اور ہلاکتیں 410 ہوگئی ہیں۔
صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6338 ہوگئی ہے۔
بلوچستان
بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 312 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 19 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کل کیسز کی تعداد 3928 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 60 اموات ہوچکی ہیں۔
اس کے علاوہ صوبے میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 1354ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 85 کیسز اور 3 اموات سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں۔
پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 2100 جب کہ اموات 22 ہو چکی ہیں۔
اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 161مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں آج کورونا کے مزید 8 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔
حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 227 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 99 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سندھ
سندھ سے جمعرات کو کورونا کے مزید 1103 کیسز اور 16 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔
مراد علی شاہ نے بذریعہ ٹوئٹر بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 4101 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 1103 مریض ظاہر ہوئے اور مزید 16 ہلاکتیں بھی ہوئیں۔
اس طرح سندھ میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 25309 اور اموات 396 ہوگئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پہلی مرتبہ 1920 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد اب تک 11190 کورونا کے مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں جمعرات کو مزید 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 432 تک جا پہنچی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق جمعرات کو کے پی میں مزید 359 مریض سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8842 ہوگئی جب کہ اب تک 2693 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان سے جمعرات کو کورونا کے مزید 20 کیسز سامنے آئے جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا کے کیسز کی تعداد 658 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہے۔
محکمہ صحت گلگت بلتستان کےمطابق اب تک 470 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔