موٹاپا کم کرنے والے حیرت انگیز مشروبات
لاہور (میڈیا پاکستان) دور جدید میں بڑھا ہوا پیٹ ایک المیہ ہے۔ جس نے ہر مرد و عورت کو پریشان کر رکھا ہے۔ اگرچہ بڑھے ہوئے پیٹ کے حامل افراد بہت سے ٹوٹکے تو آزماتے ہیں لیکن وہ بہت کم ہی کامیاب ہو پاتے ہیں۔ ہم آپ کو آج چند ایسے مشروبات کے بارے میں بتائیں گے جن کا استعمال کر کے آپ اس مصیبت سے جان چھڑا سکتے ہیں۔ یہ مشروبات کم کیلوریز پر مشتمل ہوتے ہیں لیکن پیٹ کو تیزی کے ساتھ یا مختصر وقت میں کم کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
برف والا پانی
برف والے ٹھنڈے پانی کے استعمال سے آپ کے جسم میں موجود زیادہ سے زیادہ کیلوریز کا خاتمہ ممکن ہے۔ یہ پانی آپ کے میٹابولک نظام کو تیز کردیتا ہے۔ لیکن اپنے مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے آپ کو روزانہ کم سے کم 16 اونس ٹھنڈا پانی پینا ہوگا۔
سبز اور کالی چائے
سبز چائے کا استعمال ایسے افراد کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے جو اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ چائے جسم میں موجود کیلوریز کو جلاتی ہے اور میٹابولک نظام کو تیز کرتی ہے۔ سبز چائے دوسرے مشروبات کی نسبت 43 فیصد زیادہ کیلوریز جلانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہی خصوصیات کالی چائے میں بھی موجود ہوتی ہیں۔ اگر آپ پیٹ کم کرنا چاہتے ہیں تو یہ چائے آپ کے لیے بہترین ہے۔
سبزیوں کا جوس
سبزیوں کا استعمال صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہوتا ہے ۔اس لیے انہیں اپنی خوراک کا حصہ ضرور بنائیں لیکن اگر سبزیوں کا رس پیا جائے تو یہ نہ صرف دل و دماغ کو فرحت و تازگی بخشتا ہے بلکہ کیلوریز جلانے میں موثر بھی ثابت ہوتا ہے۔ جس کے بعد آپ کا پیٹ کم ہوسکتا ہے۔
تربوز کا جوس
تربوز کا جوس جسم میں نمی کو قائم رکھنے کے حوالے سے ایک بہترین مشروب ہے۔ یہ مشروب انتہائی کم کیلوریز اور بہت زیادہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ پٹھوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پیٹ کی چربی کو کم بھی کرتا ہے۔ اس لیے پیٹ کم کرنے کے حوالے سے یہ مشروب ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔
ناریل پانی
ناریل کا پانی الیکٹرو لائٹس (electrolytes) سے بھرپور ہوتا ہے اور یہاں فہرست میں موجود تمام مشروبات سے زیادہ الیکٹرو لائٹس ناریل پانی میں پائے جاتے ہیں اور یہ مادہ جسم میں نمی کو برقرار رکھتا ہے۔ ناریل پانی کو بغیر مصنوعی فلیور اور چینی کے پینا چاہیے۔ یہ توانائی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ میٹابولزم کے عمل کو تیز کرتا ہے۔
غذائی مشروبات
غذائی مشروبات انسان پر مثبت اثر ڈالتے ہیں اور صحت بخش ہوتے ہیں۔ غذائی مشروبات کے استعمال سے آپ وزن کم کرسکتے ہیں اور اس کے لیے ایک گلاس پینا ہی کافی ہوتا ہے کیونکہ یہ طویل وقت تک توانائی فراہم کرسکتے ہیں لیکن یہ خصوصیات تمام غذائی مشروبات میں موجود نہیں ہوتی اس لیے ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر استعمال نہ کریں اور اس بات کی تصدیق کرلیں کہ کونسا غذائی مشروب آپ کے لیے بہتر ہے۔
سکم ملک
یہ ایک ایسا دودھ جس میں کریم موجود نہیں ہوتی۔ اس دودھ کا استعمال جسم میں موجود چربی کو کم کرتا ہے۔ ماہرین غذائیات کے مطابق ایسے افراد جو ڈیری مصنوعات استعمال نہیں کرتے ان کی اضافی چربی ایسے لوگوں کے مقابلے 70 فیصد کم ہوتی ہے جوان مصنوعات کا استعمال کرتے ہیں۔اگر آپ اس دودھ سے مطلوبہ نتائچ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو روزانہ ایک گلاس ضرورپئیں۔