روس کے سب سے طاقتور بینکار کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی اجارہ داری کا عنقریب خاتمہ ہونے والا ہے کیونکہ چینی کرنسی کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے اور یوکرین جنگ میں مغربی ممالک کی جانب سے روس کو پسپا کروانے کی ناکام کوشش بھی سب کے سامنے ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کے دوسرے سب سے بڑے بینک وی ٹی بی کے سی ای او آندرے کوسٹن نے کہا ہے کہ یہ بحران عالمی معیشت میں بڑی تبدیلیوں کا آغاز ہے اور چین ایک بڑی عالمی اقتصادی طاقت کے طور پر نمودار ہورہا ہے۔
آندرے کوسٹن ماسکو کے سب سے طاقتور اور تجربہ کار بینکروں میں سے ایک ہیں، ماضی میں انہوں نے سفارت کار کی حیثیت سے آسٹریلیا اور برطانیہ میں خدمات انجام دیں اور سوویت یونین کے ٹوٹنے کے فوری بعد شعبہ بینکنگ میں چلے گئے، وہ اس سے پہلے ونیشاکم بینک کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں، جو اب وی ای بی کے نام سے جانا جاتا ہے۔
دنیا میں سرد جنگ کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں کوسٹن نے کہا کہ اب یہ ایک گرم جنگ ہے جو سرد جنگ سے زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین سینکڑوں بلین ڈالر کے روسی اثاثوں کو منجمد کرنے کے اقدام سے کافی نقصان اٹھائیں گے کیونکہ بہت سے ممالک امریکی کرنسی اور یورو کے بجائے دیگر کرنسیوں میں ادائیگیاں کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
وی ٹی بی کے 66سالہ سی ای او آندرے کوسٹن نے بینک کی فلک بوس عمارت کی 59ویں منزل پر اپنے دفتر سے ماسکو کا نظارہ کرتے ہوئے روئٹر کو بتایا کہ امریکی ڈالر کی اجارہ داری کا طویل اور تاریخی دور بہت جلد ختم ہو رہا ہے، میرے خیال میں وہ وقت آگیا ہے جب چین آہستہ آہستہ کرنسی کی پابندیوں کو ہٹا دے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی ڈالر 20ویں صدی کے آغاز سے ہی دنیا پر غالب رہا جب اس نے عالمی ریزرو کرنسی کے طور پر پاؤنڈ اسٹرلنگ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا حالانکہ جے پی مورگن نے اس ماہ کہا تھا کہ عالمی معیشت میں ڈالر کی کمی کے آثار سامنے آرہے ہیں۔ گزشتہ 40 سال کے دوران چین کی شاندار معاشی ترقی اور یوکرین جنگ کے اثرات نے امریکی ڈالر کی حیثیت کو مزید پیچیدگیوں میں مبتلا کردیا ہے۔
گزشتہ سال فروری 2022میں صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین میں فوج بھیجنے کے بعد مغربی ممالک نے روسی معیشت کو کمزور کرنے اور پیوٹن کو جنگ کی سزا دینے کی کوشش میں لگائی جانے والی سخت ترین پابندیاں عائد کیں۔
انہوں نے کہا کہ پابندیاں غیر منصفانہ ہیں اور ایک سیاسی فیصلہ ہے جو مغرب الٹا اسے ہی نقصان پہنچائے گا، انہوں نے طنزیہ انداز میں بتایا کہ انہوں نے بڑے مغربی بینکوں کے ذریعے منشیات کی رقم کی لانڈرنگ کے بارے میں دلچسپ مضامین پڑھے ہیں۔
کوسٹن نے واضح الفاظ میں کہا کہ وی ٹی بی کو سال کے پہلے پانچ ماہ کے بمپر اور پچھلے سال ریکارڈ نقصان کے بعد 2023 میں 400 بلین روبل ($4.9 بلین) کا منافع حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ روس کی معیشت مغرب سے نہیں ٹوٹے گی کیونکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپریل میں اپنی 2023 روسی جی ڈی پی کی پیشگوئی کو 0.3 فیصد سے بڑھا کر 0.7 فیصد کردیا۔ اپنی 2024کی پیشگوئی کو 2.1 فیصد سے کم کرکے 1.3 فیصد کر دیا۔
اس سوال پر کہ کیا روس کی معیشت آزاد معیشت رہے گی؟ جواب میں کوسٹن نے کہا کہ مجھے اس کی قوی امید ہے۔