لاہور سمیت پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری
لاہور(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کا شہروں میں 6 جبکہ دیہات میں 12 سے 16 گھنٹے تک دورانیہ برقرار ہے۔وزارت پاور ڈویژن کی طرف سے واضح شیڈول جاری نہ کیے جانے کے باعث ڈسکوز بھی من مانی کر رہی ہیں کسی قسم کا شیدول جاری نہیں کیا گیا بلکہ کوٹے کے مطابق بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔اس صورت حال کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔صارفین کا شکوہ ہے کہ اس شدید سردی میں جب بجلی کی طلب کئی گنا کم ہو جاتی ہے، اے سی اور پنکھے تک نہیں چل پاتے صرف بلب کی ضرورت ہوتی ہے، وہ بھی حکومت پورا نہیں کر پا رہی۔اس ساری صورت حال سے فیکٹری مالکان و ورکرز اور دکاندار سخت نالاں ہیں جن کا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔دوسری طرف لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جونہی کوٹہ بڑھایا گیا، شیڈول واپس لے لیں گے ۔