شاہد خاقان ایل این جی کا چور ہے اس کو جیل جانا ہے، شیخ رشید
لاہور(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدکا کہنا ہے کہ بے نظير کی شہادت کا پوری قوم کو نقصان ہوا ، آصف زرداری کو فائدہ ہوا۔ دنیا میں کوئی ایسا قصہ ہے کہ وصیت نوکرانی کے پرس سے نکلی ہو؟وزیرریلوے نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میری زندگی کا اصول ہے کہ نمبر ون سے دوستی کرتا ہوں اور نمبر ون سے ہی دشمنی کرتا ہوں۔ جس کا مورل کریکٹر نہ ہو، جس پر لاتعداد کیسز ہوں، اس چور کو چوکیدار نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان ایل این جی کا چور ہے اس کو جیل جانا ہے ،چیف جسٹس نے ریلوے سے متعلق کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت کی ہے، اس سال کے آخر تک 20نئی ٹرینیں چلانے کا ہدف ہے۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کی جا رہی ہے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے گزشتہ ماہ 6کروڑ روپے جرمانے کی مد میں وصول کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ دو وی وی آئی پی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں، ریڈیو پاکستان ریلوے بھی شروع کیا جارہا ہے، جس کا لائسنس حاصل کیا جارہا ہے، اس ایف ایم ریڈیو چینل میں خبریں اور انٹرٹینمنٹ ہوگی۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ تبدیلیوں کا سال ہے، پاکستان ریلوے میں بھی تبدیلیاں آئیں گی، فوڈ ڈپارٹمنٹ نے اپنی عدالت لگائی ہوئی ہے، غریبوں کی دکانیں بند کررہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ غریبوں پر 50ہزار روپے کے بجائے 5 ہزار روپے تک کا جرمانہ کیا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں فوڈ ڈپارٹمنٹ کی کارروائیوں اور نالہ لئی پر بات ہوگی۔شیخ رشید نے مزید کہاکہ دنیائے سیاست کے سب سے بڑے ڈاکو کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا تقرر پی ٹی آئی کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا لیول فالودہ والا، گول گپے والا تھا، مجھے خدشہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو پھنسایا گیا، کرپشن پر بات کروں تو میرے پیچھے میراثی چھوڑ دیتے ہیں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ جس جس آدمی کا کیس ہو، اس پر 30مارچ سے پہلے جھاڑو پھرے گی، بھارت کی 5ریاستوں میں مودی کی گؤ ماتا ہار گئی۔ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے زلمے خلیل زاد کے ساتھ مل کر بھارت کی پوزیشن کمزور کی، جس کے بعد امریکا کے صدر اب پاکستان سے بہتر تعلقات کی بات کر رہے ہیں۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ پاکستان علاقائی قوتوں سے بہتر تعلقات بنا رہا ہےاور جلد معاشی بحران سے نکلنے جا رہا ہے، ترک وزیر سے بھی کہا ہے کہ پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کریں تو 14 سال کی سزا ہونی چاہیے، پیپلزپارٹی جو کیسز لڑ رہی ہے اس میں پی ٹی آئی کا کیا معاملہ ہے؟شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ غیر ضروری نام ای سی ایل سے نکال دینا چاہئیں،کاش قوم یہ سیکھے کہ کرپٹ لوگوں کی زندگی کا انجام بیماریاں اور قحط ہوتی ہیں.